دفاعی صلاحیتوں کی ترقی، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مسلسل تربیت ناگزیر ہے: فیلڈ مارشل

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ہیڈکوارٹرز ایس ایس جی تربیلا کا دورہ ‘ شہداء کی  یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے  نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت اور مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر غیر متزلزل توجہ ضروری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہیڈکوارٹرز ایس ایس جی تربیلا کا دورہ کیا جہاں ان کی آمد پر جی او سی ایس ایس جی نے استقبال کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہدا یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مشن کی تکمیل کے لیے استعداد کار پر بریفنگ دی گئی۔