اسلام آباد (آئی این پی )جے یو آئی(ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کے اہلخانہ اور قریبی رفقا کیخلاف مبینہ ٹیکس چوری اور آمدن چھپانے کی شکایت ایف بی آر میں جمع کرادی گئی۔ 5 افراد کے اثاثوں اور مالی معاملات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔شکایت میں جے یوآئی کے ایک سینیٹر، لطف الرحمن، ضیاالرحمن، اسعد محمود اور ابرار احمد کے مالی معاملات کی جانچ پڑتال کی درخواست کی گئی۔ ایف بی آر سے پانچوں افراد کے اثاثوں، بینک اکائونٹس اور ذرائع آمدن کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔شکایت کے مطابق جے یو آئی کے سینیٹر کے ملکی اورغیرملکی کرنسی اکائونٹس، لطف الرحمن کے بینک اکائونٹس اور کاروباری سرگرمیوں، جبکہ ضیا الرحمن کے اکائونٹس میں مبینہ غیر واضح رقوم کی تحقیقات کی استدعا کی گئی ہے۔دریں اثناء کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام (ف) سے منسلک مدرسہ اختر العلوم کو قانونی خلاف ورزیوں پر سی ڈی اے کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔ سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف بلڈنگ کنٹرول (سائوتھ) کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کی جماعت جے یو آئی(ف) سے منسلک مدرسہ اختر العلوم اسلام آباد کی عمارت تعمیراتی نقشوں کی منظوری حاصل کیے بغیر تعمیر کرنے پر باضابطہ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔