ڈپٹی کمشنروں کو ہسپتالوں کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے3دن کی مہلت انتظامیہ کی لاپروائی سے میری ساکھ پر حرف آتا ہے: مریم نواز

جنرل بس ٹرمینلز اورگرین بس شیڈز کی تعمیر ومرمت اور صفائی یقینی بنائی جائے ، اسسٹنٹ کمشنرز  واٹر فلٹریشن پلانٹ ٹھیک کرانے کیلئے فوری اقدامات کریں
 پنجاب کو تجاوزات فری بنانے کا حکم ،  مشترکہ آپریشن کئے جائیں،وال چاکنگ، کٹے پھٹے بینر اور چھوٹے  پوسٹر بھی دیواروں سے اتارے جائیں:وزیراعلی
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ معاون خصوصی شعیب مرزا نے ہر ضلع سے متعلق کے پی آئی رپورٹ پیش کی ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مری،گوجرانوالہ، اٹک، بہاولپور، چکوال، جہلم، لیہ اورساہیوال کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بعض اضلاع میں بیوٹیفکیشن پلان کی تکمیل اور معیار میں تساہل برتنے پربرہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فصلوں کی باقیات جلانے پر 100 فیصد کنٹرول کا حکم دیا ۔اوکاڑہ اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات پر کنٹرول نہ کرنے پر وارننگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بیوٹیفکیشن سکیموں میں پائیداری اور معیار پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا اور ہر بیوٹیفکیشن سکیم میں فواروں سمیت دیگر واٹر فیچرز شامل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں گورننس اور روڈ مینٹی ننس کے لئے خصوصی سکواڈ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی اوربتایا گیا کہ سکواڈ 12گھنٹے کے اندر اندر انسپکشن اور مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سٹریٹ لائٹس 100 فیصد فنکنشل اور مین ہول 100 فیصدکور کرنے کی ہدایت کی اور زبیرا کراسنگ اور سکول سیفٹی کیلئے ضروری اقدامات کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسسٹنٹ کمشنرز کو واٹر فلٹریشن پلانٹ ٹھیک کروانے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور جنرل بس ٹرمینلز اورگرین بس شیڈز کی تعمیر ومرمت اور صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی