وفاقی حکومت کا24سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ

 وزارتوں کے انضمام اور غیر ضروری محکموں کی بندش پر 70 فیصد کام مکمل کر لیا گیا
لاہور(خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت میں رائٹ سائزنگ کے تحت 39 وزارتوں کو ضم کیا جا رہا ہے جبکہ 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری رواں سال کے اختتام سے قبل مکمل کر لی جائے گی۔کراچی میں "دی فیوچر سمٹ" کے نویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی ملک کے معاشی استحکام کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے پیداوار پر مبنی معیشت ناگزیر ہے، معیشت کو اب نجی شعبہ ہی لیڈ کرے گا۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت نجکاری کے ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے، فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری مکمل ہو چکی ہے، جب کہ پی آئی اے اور تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارتوں کے انضمام اور غیر ضروری محکموں کی بندش پر 70 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے، ملازمین کو نجی شعبے کے مساوی پیکجز دیے جا رہے ہیں جبکہ پنشن اصلاحات بھی حکومتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔