ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جنگی خدشات کے باوجود دبئی کے ایئرپورٹس نے فضائی آپریشن بلا تعطل جاری رکھتے ہوئے بڑی تعداد میں پروازیں آپریٹ کیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف 84 گھنٹوں کے دوران تقریباً 1140 پروازیں دبئی کے ہوائی اڈوں سے کامیابی کے ساتھ آپریٹ کی گئیں۔ یہ آپریشن بنیادی طور پر دبئی کے دو بڑے ایئرپورٹس دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے انجام دیے گئے۔ایوی ایشن حکام کے مطابق خطے میں کشیدہ صورتحال کے باوجود دونوں ایئرپورٹس پر پروازوں کا شیڈول برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس دوران فضائی حدود کی مسلسل نگرانی کی گئی جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بعض پروازوں کے روٹس میں بھی ضرورت کے مطابق تبدیلیاں کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرول نے 24 گھنٹے مسلسل آپریشن جاری رکھا اور تمام پروازوں کی نقل و حرکت کو محفوظ بنانے کے لیے جدید نظام استعمال کیا گیا۔واضح رہے کہ دبئی دنیا کے مصروف ترین فضائی مراکز میں شمار ہوتا ہے اور یہ یورپ، ایشیا اور افریقہ کے درمیان ایک اہم ٹرانزٹ حب کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں سے روزانہ سینکڑوں بین الاقوامی پروازیں آپریٹ کی جاتی ہیں۔