ٹرمپ کی ایران کو دھمکی: 7 اپریل کو توانائی مراکز اور پل نشانہ بنائیں گے

ٹرمپ کی ایران کو دھمکی: 7 اپریل کو توانائی مراکز اور پل نشانہ بنائیں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت دھمکیاں دیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ امریکہ ایران کے اندر بڑے حملوں کی تیاری کر رہا ہے، جبکہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ممکنہ کارروائیوں کا نقشہ بھی بیان کر دیا۔

ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ آنے والا منگل (7 اپریل) ایران کے لیے غیر معمولی دن ہوگا اور اس روز ایران کے بجلی گھروں، توانائی کے مراکز اور پلوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ منگل کو “پاور پلانٹس ڈے اور برج ڈے” ہوگا۔امریکی صدر نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھول دیا جائے، بصورت دیگر ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ٹرمپ نے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے ایرانی قیادت کو دھمکی دی کہ اگر راستہ نہ کھولا گیا تو ایران کو خوفناک تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ٹرمپ کے مطابق اگر آبنائے ہرمز بند رہی تو ایران کے عوام کو انتہائی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑے گا اور امریکہ اس صورتحال کو برداشت نہیں کرے گا۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے ایک اور پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ ایرانی فوج کے کئی رہنماؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جو جنگی کارروائیوں کی قیادت کر رہے تھے۔انہوں نے تہران میں شدید بمباری کی ویڈیو بھی ٹروتھ سوشل پر شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ ایران کے اندر سے امریکہ کے گمشدہ پائلٹ کو تلاش کر کے زندہ واپس لانے کا آپریشن بھی کامیاب رہا۔ٹرمپ کے بیانات کے بعد عالمی سطح پر تشویش بڑھ گئی ہے اور ماہرین کے مطابق اس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔