سپر ایل نینو افیکٹ سامنے آ سکتا ،موسم میں غیر معمولی تبدیلیاں متوقع :ماہرین
لاہور(کرائم رپورٹر)ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس سال سپر ایل نینو افیکٹ سامنے آ سکتا ہے جس کے باعث پاکستان کے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق رواں سال معمول سے کہیں زیادہ بارشیں اور کلائوڈ برسٹ کے واقعات بڑھ سکتے ہیں،موسمی پیٹرن میں غیر معمولی تبدیلیاں متوقع ہیں ،رپورٹس کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال کے مقابلے میں دگنی بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ کلائوڈ برسٹ جیسے خطرناک واقعات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے،جس کے نتیجے میں شہری سیلاب اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف جیو سائنس کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں،حکومت پاکستان سمیت دنیا بھر کو درجہ حرارت میں کمی کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے ورنہ موسمی خطرات مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت منصوبہ بندی نہ کی گئی تو شدید بارشیں، سیلاب اور کلائوڈ برسٹ جیسے واقعات بڑے پیمانے پر نقصان کا باعث بن سکتے ہیں،ماہرین کی وارننگ کے بعد سوال یہ ہے کہ کیا متعلقہ ادارے بروقت اقدامات کریں گے یا ایک بار پھر قدرتی آفات بڑے نقصانات کا سبب بنیں گی۔