شیر کو کچن میں بیٹھا دیکھ کر فیملی کے ہوش اڑ گئے

نئی دہلی (آئی این پی)رات کے سناٹے میں جب سب لوگ سکون کی نیند سو رہے تھے، گجرات کے ضلع امریلی کے ایک گھر میں ایسا ناقابلِ یقین واقعہ پیش آیا جس نے اہلِ خانہ کے ہوش اڑا دیے۔ ملو بھائی رام بھائی لکنوترا کا خاندان اپنے گھر میں محوِ خواب تھا جب اچانک ایک شیر چھت کے راستے سے گھر میں داخل ہو گیا۔ شیر سیدھا کچن کی دیوار پر جا بیٹھا اور وہاں دو گھنٹے تک موجود رہا۔ جب اہلِ خانہ کی آنکھ کھلی تو سامنے شیر کو دیکھ کر ان کے قدموں تلے زمین نکل گئی۔ خوف کے مارے سب لوگ گھر سے باہر بھاگے اور مدد کے لیے چیخنے لگے۔اہلِ خانہ کی آواز سن کر دیہاتی مدد کو دوڑے۔ انہوں نے مشعلیں جلائیں، روشنی ڈالی اور آوازیں نکال کر شیر کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی۔ بالآخر دو گھنٹے کی کوشش کے بعد شیر کو وہاں سے بھگا دیا گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔