قانون سازی سے عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے نوازشریف

 پارلیمنٹ کی مضبوطی ہی جمہوریت کی  مضبوطی ہے: صدر ن لیگ کی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو‘سیاسی‘معاشی صورتحال پرتبادلہ خیال

اسلام آباد (آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے چھانگلہ گلی، مری میں اہم ملاقات کی۔ جس میں ملکی سیاسی، معاشی و پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال، امدادی سرگرمیوں، سنی اتحاد کونسل کے قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں اور حالیہ قانون سازی کے امور بھی زیر بحث آئے۔ سپیکر ایاز صادق نے نواز شریف کو آئینی و قانونی معاملات اور پارلیمانی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔میاں نواز شریف نے ایوان کی کارروائی کو خوشگوار ماحول میں چلانے پر سپیکر ایاز صادق کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پارلیمنٹ کی مضبوطی ہی جمہوریت کی مضبوطی ہے۔ انہوں نے زور دیا  عوامی مفاد کی قانون سازی کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے۔ملاقات کے اختتام پر ملکی سلامتی، وقار اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی