ملک بھر میں سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی

ملک بھر میں سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی

اسلام آباد: ملک کے بیشتر شہروں میں گزشتہ ہفتے کے دوران سیمنٹ کی ریٹیل قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم جنوبی علاقوں میں فی بوری قیمت میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 29 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران شمالی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت ایک ہزار 604 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس سے پچھلے ہفتے یہ قیمت ایک ہزار 611 روپے تھی۔ اس طرح شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری قیمت میں 7 روپے کمی ہوئی۔رپورٹ کے مطابق جنوبی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت ایک ہزار 572 روپے رہی، جو گزشتہ ہفتے کی ایک ہزار 571 روپے قیمت کے مقابلے میں ایک روپے زیادہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوبی علاقوں میں قیمت میں 0.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔شہروں کے لحاظ سے گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت ایک ہزار 545 روپے، راولپنڈی میں ایک ہزار 518 روپے، گوجرانوالہ میں ایک ہزار 650 روپے اور سیالکوٹ میں ایک ہزار 630 روپے رہی۔

اسی طرح لاہور اور فیصل آباد میں سیمنٹ کی فی بوری قیمت ایک ہزار 600 روپے، سرگودھا میں ایک ہزار 618 روپے، ملتان میں ایک ہزار 657 روپے، بہاولپور میں ایک ہزار 600 روپے، پشاور میں ایک ہزار 611 روپے جبکہ بنوں میں ایک ہزار 500 روپے ریکارڈ کی گئی۔جنوبی علاقوں کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت ایک ہزار 481 روپے، حیدرآباد میں ایک ہزار 565 روپے، سکھر میں ایک ہزار 650 روپے اور لاڑکانہ میں ایک ہزار 523 روپے رہی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کوئٹہ میں سیمنٹ کی فی بوری قیمت ایک ہزار 560 روپے جبکہ خضدار میں ایک ہزار 650 روپے ریکارڈ کی گئی۔