سود خور کی ستائی ماں کا 4 بچے فروخت کرنے کا اعلان

 شوہر اللہ رکھیو کھوکھر کو مبینہ طور پر پولیس کی معاونت سے اغوا کرکے لاپتا کردیا گیا ?: شمشاد بی بی
 نواب شاہ (خصوصی رپورٹ) سندھ کے ضلع نواب شاہ کی تحصیل قاضی احمد میں مبینہ سود خوری اور مالی دبا ئو سے پریشان ایک خاتون نے اپنے چار بچوں کو فروخت کرنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون شمشاد بی بی نے مقامی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انور شاہ لکھیاری نامی شخص ان سے 20 لاکھ روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کر رہا ہے، تاہم ان کے لیے اتنی بڑی رقم ادا کرنا ممکن نہیں۔ خاتون کا کہنا ہے کہ مبینہ سود خور کی جانب سے مسلسل دھمکیوں اور مالی دبا ئو کے باعث وہ شدید پریشانی کا شکار ہیں اور انہیں بچوں کو فروخت کرنے کے سوا کوئی راستہ دکھائی نہیں دے رہا۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ ان کے شوہر اللہ رکھیو کھوکھر کو مبینہ طور پر پولیس کی معاونت سے اغوا کرکے لاپتا کردیا گیا ہے۔ خاتون کے مطابق شوہر کی گمشدگی اور مالی دبا ئو کے باعث ان کا خاندان شدید معاشی اور نفسیاتی بحران سے دوچار ہے اور گھر میں فاقہ کشی کی نوبت آچکی ہے۔ متاثرہ خاتون نے حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کے شوہر کو فوری بازیاب کرایا جائے، مبینہ سود خور کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور خاندان کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے انصاف یقینی بنایا جائے۔