خیبر پختونخوا: جنگلات کو آگ سے بچانے کیلئے فائر لائنز قائم

پشاور(خصوصی رپورٹ )خیبر پختونخوا میں جنگلات کو آتشزدگی سے محفوظ بنانے کیلئے حفاظتی اقدامات تیز کر دئیے گئے ۔محکمہ جنگلات نے باری کوٹ بلاک میں فائر لائنز کے قیام کا کام مکمل کر لیا ہے، جہاں ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 8.2 کلومیٹر طویل فائر لائن قائم کی گئی ہے۔محکمہ جنگلات کے مطابق 19 سے 29 اکتوبر 2026 کے دوران باری کوٹ بلاک میں مزید 3.4 کلومیٹر فائر لائن تعمیر کی گئی۔ یہ فائر لائنز کمپارٹمنٹ نمبر 14، 36 اور 45 کی پہاڑی چوٹیوں اور قدرتی ڈھلوانوں پر قائم کی گئی ہیں۔فائر لائنز کا قیام فارسٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ایف ڈی ایف) سکیم کے تحت عمل میں لایا گیا، جبکہ ان کی تعمیر میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں نے حصہ لیا۔محکمہ جنگلات کے مطابق فائر لائنز کے راستوں سے جھاڑیوں اور آتش گیر مواد کی صفائی کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ جنگلات میں آگ کے پھیلا ئوکو روکنے کیلئے حفاظتی پٹیوں کا قیام ایک اہم اقدام ہے۔محکمے کا کہنا ہے کہ فائر لائنز کی تعمیر سے ہنگامی حالات میں آگ بجھانے والی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں تک رسائی میں سہولت ملے گی۔محکمہ جنگلات کے مطابق جنگلات کے تحفظ، بحالی اور پائیدار انتظام کے لئے پیشگی حفاظتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے، جبکہ جنگلات کو آتشزدگی کے تباہ کن اثرات سے محفوظ بنانے کیلئے موثر حکمت عملی پر عمل درآمد بھی جاری ہے۔