سکول وینز میں گیس سلنڈر زائد طلبہ بٹھانے پر پابندی عائد

کراچی(خصوصی رپورٹ ) وزیر تعلیم سندھ نے اسکول وینز میں سی این جی اور ایل پی جی سلینڈرز پر سخت پابندی عائد کردی۔صوبائی وزیر تعلیم کی ہدایات پر نجی اسکولوں کو حفاظتی احکامات جاری کردئیے گئے جس کے تحت اسکول وینز میں غیر محفوظ طریقے سے پیٹرول کی فراہمی پر بھی پابندی عائد ہے۔وزیر تعلیم کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بوتلوں اور کین کے ذریعے گاڑیوں کے انجن کو پیٹرول فراہم کرنا خطرناک ہے اور اسکول وینز میں مقررہ گنجائش سے زائد طلبہ کو بٹھانے پر پابندی ہے، طلبہ کو وین کے فٹ بورڈ پر کھڑا کرکے سفر کرانے پر بھی پابندی ہے۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہیکہ اسکول ٹرانسپورٹ کے لیے سندھ حکومت کا فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، فٹنس سرٹیفکیٹ کی کاپی گاڑی میں موجود ہونا ضروری ہے جب کہ حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی پر متعلقہ اسکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔مراسلے کے مطابق نجی تعلیمی اداروں کو تمام حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرائیں، طلبہ کی جان و سلامتی پر کوئی سمجھوتانہیں کیا جائے گا ۔