کراچی: پاکستانی ٹی وی میزبان و اداکارہ کرن خان نے معروف کاروباری شخصیت مرزا اشتیاق بیگ سے شادی کے فیصلے، ازدواجی زندگی اور دولت کی خاطر شادی کرنے کے الزامات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔
حال ہی میں کرن خان نے میزبان نادیہ خان کے مارننگ شو ’رائز اینڈ شائن‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شادی اور زندگی میں آنے والی تبدیلیوں سے متعلق کئی دلچسپ باتیں شیئر کیں۔گفتگو کے دوران کرن خان نے بتایا کہ وہ ابتدا میں شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی تھیں، تاہم مرزا اشتیاق بیگ سے ان کی پہلے ہی واقفیت تھی کیونکہ وہ ان کی فاؤنڈیشن کے ساتھ کام کر چکی تھیں۔اداکارہ کے مطابق دونوں کو زندگی میں ایک دوسرے کی ضرورت محسوس ہوئی، لیکن ماضی کے تجربات کے باعث وہ کسی نئے رشتے میں آنے سے ہچکچا رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اب دونوں کو کبھی کبھی اس بات کا افسوس ہوتا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے پہلے کیوں نہیں ملے۔کرن خان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے تک تنہا زندگی گزارنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ روزمرہ زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں کسی اپنے کے ساتھ بانٹنے کا تجربہ کتنا خوبصورت ہوتا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ مرزا اشتیاق بیگ نے انہیں پہلے شادی کی پیشکش کی۔ اس کے بعد انہوں نے معاملے کو غیر ضروری طور پر طول دینے کے بجائے براہِ راست ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور سنجیدگی کے ساتھ شادی کی بات آگے بڑھائی۔ کرن خان کے مطابق تمام معاملات اتنی آسانی اور تیزی سے طے ہوئے کہ انہوں نے اسے اللہ کی طرف سے ہونے والا فیصلہ سمجھ کر قبول کرلیا۔شو کے دوران جب ان سے بڑے اور شاندار گھر میں زندگی گزارنے کے تجربے کے بارے میں پوچھا گیا تو اداکارہ نے کہا کہ ان کے لیے گھر کا بڑا یا چھوٹا ہونا کبھی اہمیت نہیں رکھتا۔
ان کے نزدیک اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ انسان کے پاس ایک ایسا گھر ہو جہاں اسے اپنائیت، محبت اور سکون محسوس ہو۔دولت کی خاطر شادی کرنے کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کرن خان نے اس تاثر کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پوری زندگی محنت کرکے اپنی کمائی سے گزاری ہے اور شادی سے پہلے بھی اچھی زندگی گزار رہی تھیں۔ اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ شادی کے بعد ان کی زندگی غربت سے اچانک امارت میں تبدیل ہوگئی۔