بھارت میں 456 کروڑ روپے ، مجموعی گراس کلیکشن 533 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی
چنئی (شوبز ڈیسک) جنوبی بھارتی سنیما کے سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم جیلر 2نے باکس آفس پر کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے دنیا بھر میں 800 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا کاروبار کر لیا، فلم کی کامیابی نے رجنی کانت کی مقبولیت اور جنوبی بھارتی فلموں کی عالمی مارکیٹ میں مضبوط پوزیشن کو ایک مرتبہ پھر نمایاں کر دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم نے ریلیز کے 18ویں روز بھی باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فلم کی بھارت میں مجموعی نیٹ آمدن تقریباً 456 کروڑ روپے جبکہ مجموعی گراس کلیکشن 533 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔رپورٹس کے مطابق فلم نے اپنے تیسرے ہفتے میں بھی سینما گھروں میں شائقین کی توجہ برقرار رکھی ہے، جبکہ تامل زبان میں فلم کو سب سے زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی۔فلم کی کامیابی کو رجنی کانت کے اسٹارڈم کے ساتھ ساتھ ایکشن، کہانی اور شاندار پروڈکشن کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔جیلر 2کی باکس آفس کامیابی نے بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کیا ہے کہ جنوبی بھارتی سنیما کی بڑی فلمیں نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر بھی غیر معمولی کاروبار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔