کراچی کے علاقے شارع فیصل پر افسوسناک ٹریفک حادثے میں 12 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، جہاں تیز رفتار ٹریکٹر نے سائیکل سوار بچے کو کچل دیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ شارع فیصل پر کراچی پولیس آفس کے سامنے پیش آیا۔ تیز رفتار ٹریکٹر کی ٹکر لگنے سے بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ریسکیو حکام نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا، جہاں متوفی کی شناخت 12 سالہ عثمان ولد محمد عمران کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق متوفی بچہ کراچی پولیس آفس کے سامنے واقع فیصل اپارٹمنٹ کا رہائشی تھا اور چوتھی جماعت کا طالب علم تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق عثمان چار بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔ایس ایچ او صدر محمد ارشد نے بتایا کہ بچہ اپارٹمنٹ کے باہر سائیکل چلا رہا تھا کہ اسی دوران تیز رفتار ٹریکٹر نے اسے ٹکر مار دی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹریکٹر کو قبضے میں لے لیا اور ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گرفتار ڈرائیور کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کا ملازم بتایا جا رہا ہے۔پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ اہلِ علاقہ نے شہر میں بھاری گاڑیوں کی بے احتیاطی اور تیز رفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔