خیبر پختونخوا:گرلز کالجز میں موسیقی، رقص، ماڈلنگ پر پابندی

پشاور ( خصوصی رپورٹ )خیبر پختونخوا میں گرلز کالجز میں تقریبات کے انعقاد کے لیے ایس او پیز جاری کردئیے گئے۔ پشاور سے ڈائریکٹوریٹ ہائر ایجوکیشن نے کالجز کی پرنسپلز کو مراسلہ ارسال کردیا۔ مراسلے کے مطابق گرلز کالجز میں موسیقی، رقص، ماڈلنگ اور اس نوعیت کی دیگر سرگرمیوں پر پاپندی ہوگی۔ مراسلے کے مطابق ویلکم، فیئر ویل پارٹیز، سپورٹس گالا، ثقافتی پروگرامز کے لیے پیشگی اجازت لازمی قرار دی گئی ہے۔ تقریب سے قبل ڈائریکٹر یا ریجنل ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن سے اجازت اور مہمانوں کی فہرست جمع کرانا لازمی ہوگا۔کالج اوقات اور تقریبات کے دوران طالبات کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی ہوگی، تقریبات میں شرکت کے لیے کالج یونیفارم کی پابندی کو لازمی قرار دیا گیا۔مراسلے کے مطابق طالبات کی حفاظت اور باوقار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی اور نگرانی کے انتظامات ہوں گے۔ تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پابندی ہوگی۔ تمام تقریبات سماجی، ثقافتی اقدار کے مطابق منعقد کی جائیں اور خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔ مراسلے کے مطابق ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے کالجز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہوگی۔