دکاندار نے مبینہ طور پر اٹھارہ سالہ لڑکی کو آگ لگا دی

 متاثرہ لڑکی تشویشناک حالت میں ساہیوال ہسپتال منتقل، ملزم گرفتار 
 قبولہ ( خصوصی رپورٹ )قصبہ قبولہ میں ایک شخص نے مبینہ طور پر 18 سالہ لڑکی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی۔ ریسکیو ٹیم نے متاثرہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں ساہیوال اسپتال منتقل کردیا، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ متاثرہ لڑکی کے والد فخر حیات نے پولیس کو بتایا کہ ان کی 18 سالہ بیٹی جامعہ اسلامیہ قبولہ کی صابر بستی میں واقع ایک ہوٹل سے کھانا لے کر گھر آرہی تھی کہ راستے میں دکاندار عدیل نے اسے زبردستی بازو سے پکڑ کر اپنی دکان میں لے جانے کی کوشش کی۔ لڑکی کے شور مچانے پر ملزم نے مبینہ طور پر اس پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ لڑکی کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے فخر حیات کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے نامزد ملزم عدیل کو گرفتار کرلیا۔