بیرسٹر سیف کے راجا ناصر عباس اور محمود اچکزئی پر الزامات

 دونوں رہنما عمران خان کی رہائی کیلئے مئوثر کردار ادا نہیں کررہے: پی ٹی آئی رہنما کا دعویٰ
ا سلام آباد(بیورو رپوٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے اپوزیشن رہنمائوں راجا ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی پر مختلف الزامات عائد کیے ہیں۔ گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ راجا ناصر عباس اسٹیبلشمنٹ کی اہم شخصیات سے رابطے میں ہیں، تاہم یہ رابطے عمران خان کی رہائی کے لیے نہیں کیے جارہے۔ انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے نواز شریف کی مدد سے ہاری ہوئی نشست حاصل کی، لیکن وہ عمران خان کی رہائی کے لیے مذاکرات کی غرض سے شہباز شریف کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی مذاکرات کے اہم ترین لمحات میں کوئٹہ جاکر بیٹھ گئے۔ انہیں عمران خان نے حکومت سے رابطوں کے لیے اپوزیشن لیڈر مقرر کیا تھا، لیکن وہ بقول ان کے عمران خان کے لیے کچھ نہیں کررہے۔ بیرسٹر سیف نے مزید الزام لگایا کہ محمود اچکزئی نے اپنے بیٹے کی رہائی کے لیے نواز شریف اور مریم نواز سے رابطے کیے۔ انہوں نے راجا ناصر عباس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سوچ ڈی سی، تحصیل دار اور پٹواری تک محدود ہے، جبکہ انہیں علی امین گنڈاپور نے سینیٹر بنوایا۔