فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے مانیٹرنگ، ،خلاف ورزی پر 3 صنعتی یونٹس کو سیل ، مقدمات درج کیے گئے
لاہور (سپیشل رپورٹر)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور میں چلنے والی کمزور ہوا اور بھارت سے آنے والی ہوائیں فضائی معیار خراب کر رہی ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے مانیٹرنگ، روک تھام اور فیلڈ انفورسمنٹ جاری ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی پر 3 صنعتی یونٹس کو سیل کر کے مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ 16 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔پنجاب کی سینئر وزیر نے کہا ہے کہ 4 اینٹوں کے بھٹے مسمار کیے گئے ہیں، 8 کو سیل کیا گیا ہے، 4 بھٹوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ 10 لاکھ روپے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا ہے کہ غیر معیاری پلاسٹک فیکٹریز کے خلاف کارروائیوں میں 178 مقامات کی انسپیکشن کی گئی جن میں 13 مقامات کو سیل کر کے 613 کلو گرام پلاسٹک کو ضبط کر لیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف کارروائیوں میں 5 لاکھ 16 ہزار 327 وارننگ نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔دوسری جانب لاہور میں آ ئندہ 24گھنٹوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر کا فضائی معیار انتہائی مضرِ صحت قرار دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 جبکہ زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ ہوا۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، آلودگی کے اعتبار سے لاہور پاکستان کے شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 475 ریکارڈ کی گئی۔علامہ اقبال ٹائون میں ایئر کوالٹی انڈیکس 704 جبکہ ماڈل ٹائون میں 481 ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کی یہ شرح شہریوں کی صحت کے لئے شدید خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔