وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس، سکل ڈویلپمنٹ کے نئے منصوبوں کی منظوری

 الیکٹریکل، وہیکل اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبوں میں بھی سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ تین سال کے دوران 10 لاکھ نوجوانوں کو سکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ دینے کا ہدف مقرر کر دیا گیا۔ اجلاس میں صوبے کے سکل ڈویلپمنٹ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ ٹیکنیکل ٹریننگ اور امتحانی نظام کو ڈیجیٹل بنانے سمیت متعدد نئے پروگرامز کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں پنجاب کا پہلا جدید ووڈ ورکنگ سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ الیکٹریکل، وہیکل اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبوں میں بھی سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے۔ ایگریکلچر اور ہیوی مشینری آپریٹر سرٹیفکیشن پروگرام شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ٹیکنیکل ٹریننگ کے امتحانات کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے آن لائن رجسٹریشن پورٹل، ڈیجیٹل امتحانی پرچوں اور کیو آر کوڈ پر مشتمل نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت 2 سے 6 لاکھ امیدوار امتحانات دے سکیں گے۔ پہلی مرتبہ سی ایم لینگویج لرننگ پروگرام کے تحت 13 زبانوں کے کورسز بھی شروع کیے جائیں گے۔اجلاس میں پنجاب کی پہلی کلیننگ اینڈ کلینر اکیڈمی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی، جہاں کلیننگ سپورٹ، ہیلتھ کیئر، ہاسپٹیلٹی اور ڈومیسٹک ہیلپ کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں اب تک 4 لاکھ نوجوانوں کی سکل ٹریننگ مکمل ہو چکی ہے، جن میں سے تقریباً 45 فیصد روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ تربیت مکمل کرنے والے پونے 2 لاکھ نوجوانوں کو ملازمت ملی، جبکہ 38 ہزار سے زائد نوجوانوں نے بیرون ملک روزگار حاصل کیا۔شعبہ وار تفصیلات کے مطابق مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ایک لاکھ 13 ہزار 333، آئی ٹی میں ایک لاکھ 11 ہزار 607، ایگریکلچر اینڈ لائیو اسٹاک میں 23 ہزار 269، کنسٹرکشن میں 27 ہزار 69 اور انرجی سیکٹر میں 35 ہزار 227 نوجوانوں کی تربیت مکمل کی گئی۔ ہاسپٹیلٹی اینڈ ٹورازم کے شعبے میں بھی 15 ہزار 319 نوجوانوں کو تربیت فراہم کی گئی۔مزید بتایا گیا کہ مقامی صنعتوں میں 90 ہزار 29 تربیت یافتہ نوجوانوں کو ملازمت ملی، جبکہ 15 ہزار 65 اساتذہ اور عملے کو انڈسٹری، مینجمنٹ، تدریس اور سکلز اپ گریڈیشن کی تربیت دی گئی۔ گلوبل روزگار پروگرام کے تحت بی پی او سیکٹر میں 25 ہزار نوجوانوں کی تربیت اور ایڈوانس ٹیک پروگرام کے تحت 7 ہزار 500 نوجوانوں کو بین الاقوامی سرٹیفکیشن دینے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب کے ایک ٹیکنیکل کالج سے تربیت حاصل کرنے والے الیکٹریشن نے 48ویں ورلڈ سکلز شنگھائی مقابلوں میں چوتھی پوزیشن حاصل کی