ویب ڈیسک: جاپان میں بلٹ ٹرین جیسی جدید اور برق رفتار ٹرانسپورٹ کو ایک غیر معمولی وجہ سے روکنا پڑا — ایک سانپ۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جاپان کی مصروف ترین بلٹ ٹرین کی بجلی کی لائن میں 39 انچ لمبا سانپ پھنس گیا، جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی اور ٹرینوں کی روانگی میں تعطل پیدا ہو گیا۔سانپ کے بجلی کی لائن میں الجھنے کے باعث ٹوکیو اور اوساکا کے درمیان چلنے والی بلٹ ٹرین سروس تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کے لیے معطل رہی۔ اس بندش کے دوران ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔جاپانی حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سانپ کو لائن سے ہٹا کر بجلی بحال کی اور سروس کو دوبارہ رواں کر دیا۔
حکام کے مطابق، یہ واقعہ غیر معمولی نوعیت کا تھا اور تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ سانپ بجلی کی لائن تک کیسے پہنچا۔واضح رہے کہ جاپان کی بلٹ ٹرین سروس دنیا بھر میں وقت کی پابندی اور جدید ترین نظام کی علامت سمجھی جاتی ہے، اور اس طرح کا واقعہ انتہائی کم ہی پیش آتا ہے۔