کارڈ سکیموں کو توسیع دینے کا فیصلہ

 سکیمو ں کوپنجاب بینک کے علاوہ دیگر بینکوں کو شامل کرنے کی تجویز پرغور ، عملدر آمد کیلئے اہم فیصلے 
لاہور ( کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس اور وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار کارڈ سکیموں بارے پراجیکٹ سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس سول پیسک ہا ئوس میں منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین نے کی۔ اجلاس میں بلاسود قرضوں کی دونوں سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔بتایاگیا کہ وزیر اعلیٰ آسان کاروبار کارڈ سکیم کے تحت ایک لاکھ 4ہزار 133افراد کو 43 ارب روپے کے قرضے جاری ہوئے جبکہ وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 3195 افراد کو 19 ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری ہوئے۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اور وزیر اعلیٰ آسان کاروبار کارڈ سکیموں کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ،مالی سال 26- 2025 میں دونوں سکیموں کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا اور ان سکیموں میں پنجاب بینک کے علاوہ دیگر بینکوں کو شامل کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا ،اس مقصد کیلئے دیگر بینکوں سے بات چیت کی جائے گی۔ اجلاس میں دونوں سکیموں پر عملدر آمد کے حوالے سے چند اہم فیصلے بھی کئے گئے۔