بارشیں :5روز میں 65 ہلاک

 سینکڑوں زخمی ، کئی گھر منہدم،پنجاب، 25 جون سے 29 جون تک 21 افراد جاں بحق،57زخمی ہوئے 
 لاہور،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) ملک بھر میں بارشوں سے 65 افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہو گئے۔پنجاب میں 25 جون سے 29 جون تک بارشوں کے دوران 21 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوئے۔وزیراعلی ٰپنجاب مریم نوازکی ہدایات پر پی ڈی ایم اے نے مون سون الرٹ فیکٹ شیٹ جاری کردی۔فیکٹ شیٹ میں مون سون بارشوں کے اعداد وشمارجاری کئی گئے،گزشتہ24 گھنٹوں میں مری، لاہور، شیخوپورہ، اٹک،گوجرانوالہ میں بارش کاریکارڈ جاری کیاگیا،گجرات، سیالکوٹ،حافظ آباد، چکوال اورڈیرہ غازی خان میں بارش ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق بارشوں سے27 گھرمتاثراور57 شہری زخمی ہوئے،جاں بحق افراد میں11بچے3خواتین اور7 مرد شامل ہیں،زیادہ اموات کچے مکانات،خستہ عمارتوں و چھتیں گرنے کے باعث ہوئیں۔دوسری جانب مون سون کی پہلی بارش کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں 13 ہلاکتیں ریکارڈ پر آئی ہیں، جبکہ کم از کم 33 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔تھرپارکر میں 44 اور میرپور خاص میں 10 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ لاڑکانہ میں تالاب میں نہاتے ہوئے دو کمسن بچیاں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔حجرہ شاہ مقیم میں بستی غلام آباد میں دو سگے بھائی نہاتے ہوئے نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔خیبرپختونخوا میں 25 جون سے اب تک ہونے والی بارشوں، تیز آندھی اور فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 22 افراد جاں بحق جب کہ 11 افراد زخمی ہوگئے۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 7 مرد اور 5 خواتین اور 10 بچے جبکہ زخمیوں میں 6 مرد، 4 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔بلوچستان صوبائی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ گزشتہ 2 روز میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیلابی ریلے اور ڈیم میں ڈوبنے سے 5 خواتین جاں بحق ہوگئی ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد سمیت دیگر شہریوں میں 2 سے 5 جولائی کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔