گوجرانوالہ: پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں ولیمے کے روز دلہن صبا کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والا مرکزی ملزم سرفراز مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم سرفراز اپنے ساتھیوں سمیت دوسرے صوبے میں روپوش تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل اپنی لوکیشن تبدیل کر رہا تھا۔ سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) کی ٹیم نے گزشتہ رات ملزمان کو گرفتار کیا اور انہیں واپس گوجرانوالہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر حملہ ہوگیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران مرکزی ملزم سرفراز اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے دیگر ملزمان کو حراست میں لے لیا، جن میں ساتھی ملزمہ عروبہ بھی شامل ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے مختلف مقامات پر پناہ لیتے رہے اور اپنی موجودگی کے مقامات تبدیل کرتے رہے۔ تاہم سی سی ڈی کی کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا اور واپسی کے سفر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل گوجرانوالہ میں شادی کے ولیمے کے روز دلہن صبا کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ سی سی ڈی گوجرانوالہ کے مطابق ملزم سرفراز نے شادی سے انکار پر گھر جاتے ہوئے کار میں بیٹھی صبا کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئی تھی۔واقعے کے بعد ملزم سرفراز فرار ہوگیا تھا اور سی سی ڈی کے مطابق وہ قتل کی واردات کے بعد علاقہ غیر میں روپوش ہوگیا تھا۔ پولیس نے اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی اور بالآخر اسے ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا گیا۔مقتولہ صبا کے والد کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ تھانہ سی سی ڈی میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں دلہن کے قتل کے محرکات اور واقعے سے متعلق دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری تھیں۔