شاہ رخ خان کی سالگرہ پر مداحوں کی امیدوں پر پانی پھر گیا، بڑی تقریب منسوخ

شاہ رخ خان کی سالگرہ پر مداحوں کی امیدوں پر پانی پھر گیا، بڑی تقریب منسوخ

بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے بری خبر سامنے آگئی ہے۔

 کنگ خان کی سالگرہ کے موقع پر ہر سال منعقد ہونے والی روایتی ’میٹ اینڈ گریٹ‘ تقریب رواں برس منسوخ کیے جانے کا امکان ہے، جس کے باعث مداح اپنے پسندیدہ اداکار سے ملاقات اور ان کی ایک جھلک دیکھنے سے محروم رہ سکتے ہیں۔شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے ہر سال 2 نومبر کا دن کسی تہوار سے کم نہیں ہوتا۔ اس روز اداکار کی سالگرہ کے موقع پر ممبئی میں واقع ان کی رہائش گاہ ’منت‘ کے باہر ہزاروں مداح جمع ہوتے ہیں تاکہ اپنے پسندیدہ سپر اسٹار کی ایک جھلک دیکھ سکیں اور انہیں سالگرہ کی مبارک باد دے سکیں۔گزشتہ دو برسوں کے دوران شاہ رخ خان نے ممبئی کے ’بال گندھرو رنگ مندر‘ میں بھی اپنے مداحوں کے لیے خصوصی ملاقات کی تقریب منعقد کی تھی۔ اس تقریب میں بڑی تعداد میں مداحوں کو شرکت کا موقع ملتا تھا، جہاں وہ اپنے پسندیدہ اداکار کے ساتھ وقت گزارنے، ان سے سوالات کرنے اور ان کی گفتگو سننے سے لطف اندوز ہوتے تھے۔ تاہم اس تقریب میں میڈیا کو شرکت کی اجازت نہیں دی جاتی تھی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اس مرتبہ 2 نومبر کو اپنی سالگرہ کے موقع پر ممبئی میں موجود نہیں ہوں گے، کیونکہ وہ اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں لندن میں مصروف ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اسی روز فلم کے ایک گانے کی شوٹنگ بھی شیڈول ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کی مصروفیات کے باعث رواں برس ان کی سالگرہ پر منعقد ہونے والی روایتی سالانہ ’میٹ اینڈ گریٹ‘ تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔ اس خبر کے سامنے آنے کے بعد مداحوں میں مایوسی پائی جا رہی ہے، کیونکہ انہیں اس سال اپنے پسندیدہ اداکار سے ملاقات کا موقع ملنے کی امید تھی۔واضح رہے کہ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کنگ‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ دیپیکا پڈوکون، سہانا خان، ابھیشیک بچن اور انیل کپور سمیت کئی معروف اداکار اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔فلم کی ریلیز 24 دسمبر کو شیڈول ہے اور شائقین کو اس فلم کا بے صبری سے انتظار ہے۔ شاہ رخ خان کی اس فلم کو ان کے آئندہ بڑے سینما منصوبوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔