منفرد واقعہ، کینیا سے خصوصی پرواز میں50گائیوں کا لاگوس تک سفر

کینیا (نیٹ نیوز) قومی ائیرلائن کینیا ائیر ویز کے کارگو ڈویڑن نے ایک غیرمعمولی اور منفرد فضائی آپریشن کے تحت اعلیٰ نسل کی دودھ دینے والی 50 سے زائد گائیوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے کینیا سے نائیجیریا پہنچایا۔ ائیرلائن نے اس پرواز کو مزاحیہ انداز میں پرواز کو 'VIP Cattle' کا نام دیا جو نائیجیریا روانہ کی گئی، گائیوں کو خصوصی پرواز میں کینیا کے الدورت ائیرپورٹ سے بڑے آہنی جنگلوں میں ڈال کے آن بورڈ کیا گیا۔ چارٹرڈ پرواز ان خاص مویشیوں کو لے کر نائیجیریا کے دارالحکومت لاگوس پہنچی۔ یہ ایک عام کارگو پرواز نہیں تھی بلکہ ایک گاہک نے خاص طور پر ان مویشیوں کی نقل و حمل کے لیے پورا کارگو طیارہ چارٹر کیا تھا۔ کینیا ایئر ویز کارگو نے سوشل میڈیا پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ 'ٹریفک کو راستہ دیں! ہمارے وی آئی پی مویشی ہری بھری چراگاہوں کی تلاش میں آسمان کا سفر کر رہے ہیں'۔ائیرلائن نے اپنے عملے اور کلائنٹ کا شکریہ ادا کیا جس نے جانوروں کی محفوظ منتقلی کے لیے ان کی خصوصی لائیو اینمل ٹرانسپورٹیشن سروس پر بھروسہ کیا۔ یہ گائیں کینیا کے کاؤنٹی اواسن گیشو کے چھوٹے فارمز سے حاصل کی گئی تھیں جو بہترین نسل کے مویشیوں کے لیے مشہور ہے۔ بھیجی جانے والی گائیوں میں 'آئیرشائر ہائفرز' شامل تھیں جو کہ پہلے سے حاملہ تھیں اور مشرقی افریقا کی بہترین جینیات کی حامل مانی جاتی ہیں۔ ان گائیوں کو نائیجیریا بھیجنے کا بنیادی مقصد وہاں دودھ کی مقامی پیداوار میں اضافہ کرنا اور مقامی فارمرز کی مدد کرنا ہے۔