اکتوبر میں مہنگائی 10.5 فیصد تک رہنے کا امکان

فصلوں کی بہتر پیداوار سے دیہی آمدنی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آئوٹ لک رپورٹ جاری کر دی، جس میں رواں مالی سال 2026-27 کے دوران پاکستان میں معاشی بحالی کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 9.5 سے 10.5 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق زرعی پیداوار میں بہتری سے معیشت کو سہارا ملنے کا امکان ہے۔ فصلوں کی بہتر پیداوار سے دیہی آمدنی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی توقع ہے، جبکہ اکتوبر 2026 میں مہنگائی کی شرح 9.5 سے 10.5 فیصد رہ سکتی ہے۔ آئندہ مہنگائی کا انحصار عالمی توانائی کی قیمتوں اور خوراک کی فراہمی پر ہوگا۔ ٹیکس نظام میں بہتری اور توانائی کی بچت سے پائیدار معاشی ترقی میں مدد ملے گی، جبکہ سرکاری اداروں میں اصلاحات سے معیشت بہتر ہونے کی توقع ہے۔ زرعی پیداوار بڑھنے سے فوڈ پروسیسنگ کی صنعت کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے سے معاشی سرگرمیاں تیز ہونے کا امکان ہے۔ چند بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کی توقع ہے۔ مشینری کی درآمد سے ملکی پیداواری صلاحیت بڑھ سکتی ہے، جبکہ بیرون ملک سے ترسیلات زر اور خدمات کی برآمدات میں اضافے کا امکان ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق ترسیلات زر میں اضافہ ملکی آمدنی اور زرمبادلہ کے ذخائر کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ زرمبادلہ کے مضبوط ذخائر معیشت کو سہارا دے رہے ہیں، جبکہ حکومت کی توجہ ٹیکس وصولی بڑھانے اور اخراجات پر قابو پانے پر مرکوز ہے۔ رپورٹ میں کم آمدنی والے اور کمزور طبقات کی مدد کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ ستمبر میں مہنگائی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔