لندن (سپورٹس ڈیسک)فٹبال شائقین کی ووٹنگ میں کرسٹیانو رونالڈو نے 2008 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اپنے سیزن کو تاریخ کا بہترین سیزن قرار دینے کا اعزاز حاصل کر لیا۔کرسٹیانو رونالڈو نے لیونل میسی کے 2012 کے سیزن کو پیچھے چھوڑ دیا جس میں میسی نے 1 سال کے دوران 91 گول کیے تھے۔یہ اعزاز بیلن ڈی اور کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر متعارف کروایا گیا جس کا مقصد ایوارڈ کی تاریخ کے بہترین انفرادی سیزن کا انتخاب کرنا تھا۔مقابلے میں صرف وہ کھلاڑی شامل تھے جو کم از کم 2 مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت چکے ہوں۔رونالڈو نے 08-2007 کے سیزن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو انگلش پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔انہوں نے تمام مقابلوں میں 42 گول کیے اور 8 گول کرنے میں ساتھی کھلاڑیوں کی مدد کی۔اس شاندار کارکردگی پر رونالڈو نے کئی انفرادی اعزازات بھی جیتے جن میں پریمیئر لیگ کے بہترین کھلاڑی، چیمپئنز لیگ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی اور فیفا کے بہترین عالمی کھلاڑی کا اعزاز بھی شامل تھا۔بہترین سیزنز کی فہرست میں رونالڈو اور میسی کے علاوہ کسی اور کھلاڑی کو جگہ نہیں ملی، فہرست کے تمام 10 اعزازات دونوں کھلاڑیوں نے حاصل کیے۔فہرست میں رونالڈو کے 2008، 2017، 2016، 2014 اور 2013 کے سیزنز شامل تھے جبکہ میسی کے 2012، 2023، 2015، 2011 اور 2009 کے سیزنز اس فہرست کا حصہ بنے۔