دولہا نے ساتھیوں سمیت مبینہ طور پر ویٹر کو رکشے میں زبردستی بٹھا کر اغوا کیا
لاہور (کرائم رپورٹر) شاد باغ میں شادی کی تقریب میں بدمزگی کے رنج پر دولہا نے ساتھیوں کے ہمراہ نجی شادی ہال کے ویٹر کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا۔ شاد باغ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اغوا کے مقدمے میں مطلوب مرکزی ملزمان حماد، افضل اور سرمد کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق ملزم حماد کی شادی کی تقریب جاری تھی کہ ویٹر نے اپنی قریبی رشتے دار خاتون کو اطلاع دی، جس سے ملزم نے شادی کا وعدہ کر رکھا تھا۔ خاتون موقع پر پہنچیں تو تقریب میں بدمزگی پیدا ہوگئی، جس پر ملزم حماد نے ساتھیوں کے ہمراہ ویٹر کو زبردستی رکشے میں بٹھا کر اغوا کر لیا۔ واقعے کی فوٹیجز میں ملزمان کو ویٹر زبردستی رکشے میں بٹھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے