اسلام آباد میں آئندہ ماہ تین جونیئر انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ منعقد ہونگے

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام نومبر میں ورلڈ ٹینس ٹور جونیئرز کے تین بین الاقوامی ٹینس ٹورنامنٹس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے، جن میں ملکی اور غیر ملکی جونیئر کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔شیڈول کے مطابق پہلا جے 60 انٹرنیشنل جونیئر ٹینس ٹورنامنٹ 2 سے 8 نومبر تک کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ایونٹ جے 30 ٹورنامنٹ 9 سے 14 نومبر تک منعقد ہوگا۔ تیسرا جے 30 ٹورنامنٹ 16 سے 21 نومبر تک کھیلا جائے گا۔تینوں بین الاقوامی ایونٹس پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔ ان مقابلوں کا انعقاد پاکستان میں جونیئر ٹینس کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنے اور عالمی سطح پر اپنی رینکنگ بہتر بنانے کے مواقع دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔