پاکستان ، چین باہمی تعاون ہمیشہ مضبوط رہا ہے، مستقبل میں مزید مستحکم ہوگا
سولر اسٹریٹ لائٹس سے سڑکوں میں روشنی،سکیورٹی اورسہولتوں میں بہتری آئے گی
ہ کراچی (آئی این پی ) چین نے بلدیہ عظمی کو 58جدید سولر اسٹریٹ لائٹس عطیہ کردیں ، میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا سولر اسٹریٹ لائٹس سے سڑکوں میں روشنی،سکیورٹی اورسہولتوں میں بہتری آئے گی۔تفصیل کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا جہاں چین کی جانب سے بلدیہ عظمی کو 58 جدید سولر اسٹریٹ لائٹس تحفے میں دی گئیں۔اس موقع پر چینی قونصلیٹ میں ایم او یو پر دستخط کی ایک خصوصی تقریب بھی منعقد ہوئی۔میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تعاون ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور یہ تعاون مستقبل میں مزید مستحکم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کے لیے چین کی یہ معاونت قابل تحسین ہے اور شہر کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ جدید سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب سے سڑکوں میں روشنی، شہریوں کی سکیورٹی اور سہولتوں میں بہتری آئے گی۔انہوں نے چینی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی ہے۔