گاڑی خریداری میں چھتیس لاکھ کا مبینہ فراڈ، شہری انصاف کا منتظر

 ڈی آئی جی فیصل کامران کی کھلی کچہری، شواہد کی جانچ اور قانونی کارروائی کی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر) او ایل ایکس پر گاڑی کی خریداری میں 36 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کا شکار شہری انصاف کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری پہنچ گیا۔ شہری نے بتایا کہ رقم ادا کرنے کے باوجود گاڑی نہیں ملی جبکہ مالک نے رقم وصول کرنے سے انکار کردیا، ادائیگی کے ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔ ڈی آئی جی نے ایس ایچ او ہنجروال کو سی سی ٹی وی فوٹیج، جیو فینسنگ اور دیگر شواہد کی مدد سے تحقیقات، فراڈ ثابت ہونے پر ملزمان کی گرفتاری اور رقم برآمد کرنے کی ہدایت کی۔ کھلی کچہری میں وراثتی جائیداد، لین دین اور تشدد کی شکایات بھی پیش ہوئیں۔ ایس ایچ اوز شمالی چھاؤنی، باٹا پور، شیرا کوٹ، مستی گیٹ، شاہدرہ، ڈیفنس سی، گرین ٹاؤن اور شادباغ کو قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا۔ فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی ترجیح ہے، فراڈ اور ہراسگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔