منیبہ علی کپتان، عائشہ ظفر نائب کپتان ہونگی، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس و دیگر شامل
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کیلئے قومی ویمنز اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں وکٹ کیپر بلے باز منیبہ علی کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے جبکہ عائشہ ظفر نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔ ایشین گیمز میں برانز میڈل جیتنے والی پاکستان ٹیم کی 12 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔سکواڈ میں ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین اور شوال ذوالفقار شامل ہیں، جبکہ اسپن بالرز نشرہ سندھو، مومنہ ریاست، طوبہ حسن اور ام ہانی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گی۔ فاسٹ بالرز وحیدہ اختر اور تسمیہ رباب کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔دس ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں ہر ٹیم چار میچز کھیلے گی، جس کے بعد دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔ سپر سکس مرحلے میں ہر ٹیم تین میچز کھیلے گی، جبکہ اس مرحلے کی ٹاپ دو ٹیمیں 26 نومبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 7 سے 9 نومبر تک لاہور میں منعقد ہوگا، جہاں کھلاڑی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔