پنجاب میں سموگ ،فیصل آباد آلودہ ترین شہری

 ملتان 448 گوجرانوالہ 330 ، لاہور 252 اے کیو آئی کیساتھ آلودہ ترین شہروں میں شامل 
لاہور( کرائم رپورٹر)سموگ نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں اپنے پنجے مزید مضبوطی کیساتھ گاڑ لئے۔ بیشتر بڑے شہروں میں صورتحال قابو سے باہر ہونے لگی۔ گذشتہ روز585 کے اوسط ائیرکوالٹی انڈیکس کیساتھ فیصل آباد ملک کا آلودہ ترین شہر رہا جوانتہائی خطرناک سطح پر پہنچ گیا۔ تمام تر حکومتی دعوئوں کے باوجود سموگ کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے ، لاہور کیساتھ ساتھ پنجاب کے دیگر بڑے شہربھی اِسکی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ گذشتہ روز ملتان ، گوجرانوالہ اور لاہور بھی آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبروں پر دکھائی دئیے۔ ورلڈ ائیرکوالٹی انڈیکس کے مطابق 252 کے اوسط اے کیو آئی کیساتھ گذشتہ روز بھی لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر رہا ۔ 448 کے اوسط اے کیو آئی کیساتھ ملتان اور 330 کے اوسط اے کیو آئی کیساتھ گوجرانوالہ بھی آلودہ ترین شہروں میں شامل رہے۔لاہور میں صورتحال کافی دگرگوں رہی۔صبح کے اوقات میں 252 کے اوسط اے کیو آئی کیساتھ لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار پایا تو دوپہر کے اوقات میں اِسکا قریب ترین حریف نئی دہلی 286کے اوسط اے کیو کیساتھ آگے نکل گیا۔ ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالعزیز نے بتایا ہفتے بعد سموگ کی شدت مزید بڑھنیامکان ہے کیونکہ تب تک درجہ حرارت قدرے تیزی سے گرنا شروع ہوجائیگا جس سے سموگ میں اضافے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔