امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹر فراڈ کی نشاندہی کرنے والے افراد کے لیے 10 لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
ان کے مطابق ماضی کے انتخابات یا آئندہ 2026 کے وسط مدتی انتخابات میں مبینہ انتخابی دھاندلی کی ایسی اطلاع دینے والے شخص کو انعام دیا جائے گا جس کی بنیاد پر متعلقہ ملزم کو گرفتار کرکے سزا دلوائی جاسکے۔ٹرمپ نے یہ اعلان امریکی وسط مدتی انتخابات سے تقریباً ایک ہفتہ قبل کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ انعام کی رقم ان افراد کو دی جائے گی جن کی فراہم کردہ معلومات ووٹر فراڈ کے معاملے میں گرفتاری اور سزا کا باعث بنیں گی۔تاہم وائٹ ہاؤس کی جانب سے تاحال اس منصوبے کی تفصیلات واضح نہیں کی گئیں۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ شہری اپنی اطلاعات کہاں جمع کرائیں گے، موصول ہونے والی شکایات کی تحقیقات کون سا ادارہ کرے گا اور انعام کی ادائیگی کے لیے رقم کس حکومتی محکمے سے فراہم کی جائے گی۔
وسط مدتی انتخابات میں کانگریس کا کنٹرول داؤ پر
امریکا میں 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں کانگریس کے دونوں ایوانوں، ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ، کا کنٹرول اہم معاملہ ہے۔ ان انتخابات کے نتائج صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے لیے آئندہ سیاسی اور قانون سازی کے معاملات پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق رائے عامہ کے جائزوں میں ری پبلکن پارٹی کو انتخابی چیلنجز کا سامنا دکھایا گیا ہے۔ اسی دوران ٹرمپ انتظامیہ نے انتخابی نگرانی اور ووٹر رجسٹریوں کی جانچ پڑتال میں وفاقی حکومت کے کردار کو بڑھانے کے اقدامات بھی کیے ہیں۔
انتخابی دھاندلی سے متعلق ٹرمپ کے سابقہ دعوے
ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی امریکی انتخابات میں بڑے پیمانے پر ووٹر فراڈ اور دھاندلی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں، بالخصوص 2020 کے صدارتی انتخابات کے حوالے سے۔ تاہم ان کے ان دعوؤں کی وسیع پیمانے پر تصدیق نہیں ہوسکی۔