کینسر میں مبتلا بنگلادیشی کرکٹر ایمبولینس میں زندگی کی بازی ہار گیا

چٹاگانگ ڈویژن کی انڈر 18 ٹیم کے رکن مہدی حسن ہردوئے خون کے سرطان میں مبتلا 
ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک)خون کے سرطان میں مبتلا بنگلادیش کی انڈر 18کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بائولر مہدی حسن ہردوئے علاج کے لیے ڈھاکا منتقلی کے دوران ایمبولینس میں انتقال کر گئے۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق چٹاگانگ ڈویژن کی انڈر 18 ٹیم کے رکن مہدی حسن ہردوئے خون کے سرطان میں مبتلا تھے، انہیں بہتر علاج کے لیے ڈھاکا منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئے۔بائیں ہاتھ سے فاسٹ بولنگ کرنے والے مہدی حسن ہردوئے کو چٹاگانگ کی جونیئر کرکٹ میں ایک باصلاحیت اور ابھرتا ہوا کھلاڑی سمجھا جاتا تھا۔رپورٹس کے مطابق رواں سال جولائی میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل نے ان کے علاج کے لیے 5، 5 لاکھ ٹکا فراہم کیے تھے، تاہم طبی کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جاسکی۔بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے نوجوان کرکٹر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔