عوام نے ’’نک دے کوکے‘‘ کو نہیں ‘پنجاب حکومت کے اقدامات کوووٹ دیا عظمی بخاری

وزیراعلی سہیل آفریدی کو مریم نواز کے پراجیکٹس کا خوف ہے، ن لیگ کی ضمنی انتخابات میں جیت کے بعد ان کا خوف بڑھ گیا ہے
ضمنی انتخابات میں جنرل الیکشن کی نسبت ن لیگ کا ووٹ بینک 20 ہزار سے ایک لاکھ ووٹ تک بڑھا ہے: وزیراطلاعات پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا   ہے جنرل الیکشن کے مقابلے میں ضمنی انتخابات میں ن لیگ کا ووٹ بینک 20 ہزار سے لے کر ایک لاکھ ووٹ تک بڑھا ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے  عوام نے ’’نک دے کوکے‘‘ کی سیاست کو نہیں بلکہ الیکٹرک بسوں، فری اسکالرشپس، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام اور کسان کارڈ جیسے عوامی فلاحی منصوبوں کو ووٹ دیا ہے۔سہیل آفریدی کو مریم نواز کے ترقیاتی منصوبوں کا خوف لاحق ہے، اور نون لیگ کی ضمنی جیت کے بعد یہ خوف مزید بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزدار کے لٹے پٹے پنجاب کو مریم نواز نے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کیا ہے، اور حقیقت یہ ہے کہ جس دن بھی عوام کے لیے کوئی اچھی خبر آتی ہے وہ دن مخالفین کے لیے یومِ سیاہ ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تیرہ حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں عوام نے ایک مرتبہ پھر گالم گلوچ، نفرت، فساد اور انتشار کی سیاست کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے خدمت اور کارکردگی کو ووٹ دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے شفاف گورننس ماڈل، خود پر مقرر کردہ پرفارمنس انڈیکیٹرز اور نوے سے زائد جاری ترقیاتی منصوبوں نے ثابت کیا کہ موجودہ حکومت صرف وعدوں پر نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتی ہے۔ عوام نے فری ہسپتال، کسان کارڈ، ہمت کارڈ، دھی رانی پروگرام، واسا اصلاحات، لاہور اور گجرات ڈویلپمنٹ پروگرام سمیت ہر اس منصوبے کو پذیرائی دی جس کا براہِ راست فائدہ لوگوں تک پہنچا۔سہیل آفریدی سمیت وہ تمام افراد جو انتشار اور پروپیگنڈہ کی سیاست کرتے رہے، آج اپنے بوئے ہوئے کو کاٹ رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سے اب تک 420 پارٹی رہنما اور وکلاء جبکہ 190 سے زائد فیملی میمبرز مل چکے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا جیل یا کسی بھی انتظامی معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں، جیل انتظامیہ مکمل بااختیار ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس بار عوام نے گالم گلوچ، فتنہ اور فساد کی سیاست کو نہیں بلکہ خدمت کی سیاست کو ووٹ دیا ہے۔