امتحانی نظام کوجدید بنانے کا فیصلہ

ہر سوالیہ پرچے اور جوابی کاپی کو مخصوص امیدوار سے منسلک کیا جا سکے گا، پیپر آؤٹ اور جعلی امیدواروں کی حوصلہ شکنی ہو گی
لاہور( کرائم رپورٹر)جعلی امیدواروں اور پیپر آؤٹ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے امتحانی نظام کو جدید بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ لاہور ریجن کی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عظمیٰ طارق کے مطابق اب سوالیہ پرچے اور جوابی کاپی دونوں پر کیو آر کوڈ لگا دیا گیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ نئی پالیسی کے تحت اب سوالیہ پرچے ڈیجیٹل پرنٹ کئے جائیں گے اور ہر پرچے پر منفرد کیو آر کوڈ ہوگا۔ڈاکٹر عظمیٰ طارق کے مطابق کیو آر کوڈز کی مدد سے ہر سوالیہ پرچے اور جوابی کاپی کو مخصوص امیدوار سے منسلک کیا جا سکے گا جس سے پیپر آؤٹ اور جعلی امیدواروں کی حوصلہ شکنی ہو گی۔یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ نیا نظام نہ صرف امتحانی عمل کی شفافیت میں اضافہ کرے گا بلکہ طلبہ کے اعتماد کو بھی بحال کرے گا۔