اسلام آباد (آئی این پی)دنیائے کرکٹ کے 21 سابق کپتانوں نے عمران خان کی صحت سے متعلق وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔دنیا بھر کے 21 سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک بار پھر خط لکھ کر سابق وزیراعظم اور سابق قومی کپتان عمران خان کے طبی علاج اور صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا ہے۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق سابق کرکٹرز نے اپنے خط میں کہا ہے کہ حالیہ پیش رفت سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی ہدایات سے مطابقت نہیں رکھتی۔سابق کرکٹرز نے وزیراعظم شہباز شریف سے تین اہم مطالبات کیے ہیں۔سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق میڈیکل بورڈ کو جس میں عمران خان کے ذاتی ڈاکٹرز بھی شامل ہوں، ان کی صحت کا مکمل اور آزادانہ جائزہ لینے کی اجازت دی جائے، خصوصا ان کی دائیں آنکھ کی مبینہ بینائی متاثر ہونے کے معاملے کا تفصیلی معائنہ کیا جائے۔سپریم کورٹ کی جانب سے بحال کی گئی اہل خانہ کی ہفتہ وار ملاقاتوں کو بلا تعطل اور کسی انتظامی تاخیر کے بغیر یقینی بنایا جائے۔طبی معائنے کے نتیجے میں جو بھی علاج تجویز کیا جائے وہ بلا تاخیر عمران خان کو فراہم کیا جائے۔خط میں سابق کپتانوں نے واضح کیا کہ وہ پاکستان کے داخلی قانونی معاملات میں فیصلہ سنانے کی کوشش نہیں کررہے بلکہ ایک سابق کرکٹر اور ساتھی کی حیثیت سے عمران خان کی صحت کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کررہے ہیں