لاہور اور قصور کے صنعتی ورکرز سے الاٹمنٹ کیلئے درخواستیں طلب ، بیوائوں کیلئے بھی 3فیصد کوٹہ مختص
لاہور(آئی این پی )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی مزدور دوست پالیسی کے ثمرا ت،، صنعتی کارکنوں کو فلیٹوں کی الاٹمنٹ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔وزیراعلی کی ہدایت پر ضلع لاہور اور قصور کے صنعتی ورکرز سے فلیٹ کی الاٹمنٹ کے لئے درخواستیں طلب کر لی گئیں، انتقال کرجانے والے صنعتی کارکنوں کی بیوگان کے لئے بھی 3فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، اسی طرح معذور ورکرز کا بھی فلیٹ الاٹمنٹ میں 2فیصد کوٹہ ہوگا۔پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ نے ورکرز ویلفیئر کمپلیکس سندر انڈسٹریل سٹیٹ قصور فیز ون میں الاٹمنٹ کی کارروائی کا آغاز کردیا، ورکرز ویلفیئر کمپلیکس میں صنعتی کارکنوں کو 720فلیٹ دئیے جائیں گے۔ضلع لاہور اور قصور کے صنعتی کارکنوں کے لئے گھر بیٹھے ویب سائٹ سے درخواست فارم حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، فلیٹ الاٹمنٹ کے لئے ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر نارتھ و ساتھ اور ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر قصور کے دفتر سے بھی فارم حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ضلع قصور کے صنعتی ورکرز کے لئے دو تہائی اور ضلع لاہور کے ورکرز کے لئے ایک تہائی ہائوسنگ یونٹ کوٹہ مقررکیا گیا ہے۔درخواستیں جمع کرانے کے لئے 8 ستمبر آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔