ای ٹیگنگ نہ کرنے والے ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی ہوگی:فیصل کامران

  لاہور( کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے واضح کیا ہے کہ تھانوں میں موصول ہونے والی درخواستوں پر ای ٹیگ نہ لگانے والے ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سٹی ڈویڑن میں انسداد جرائم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے درخواستوں کی ای ٹیگنگ لازمی بنانے اور جرائم میں کمی کے لیے مو? ثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایس پی سٹی، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارج چوکیوں نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ اوز ٹبی سٹی، لوہاری گیٹ اور مستی گیٹ کو جرائم پر قابو پانے، جبکہ شاہدرہ، اسلام پورہ اور شاہدرہ ٹاو?ن کے ایس ایچ اوز کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرنے والوں، منشیات فروشوں، نوسربازوں، جیب تراشوں اور موبائل چوروں کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم دیا۔ فیصل کامران نے کہا کہ تھانوں میں آنے والے سائلین سے عزت و احترام سے پیش آیا جائے اور انہیں غیر ضروری انتظار نہ کروایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور خلاف ورزی ثابت ہونے پر سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی ہوگی۔