سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر پٹرول پمپ ورکر پر تشدد، ملزم گرفتار

 چوہنگ پولیس نے پراڈو سوار ملزم ادریس بھٹی کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا
 لاہور (کرائم رپورٹر) جوبلی ٹائون میں سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر پٹرول پمپ کے ورکر کو تشدد کا نشانہ بنانے اور سنگین دھمکیاں دینے والے ملزم کو چوہنگ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ورکر نے حفاظتی ایس او پیز کے تحت ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے ملزم کو سگریٹ پینے سے منع کیا تھا، جس پر پراڈو سوار شخص نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی تلاش کرلی۔ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ پراڈو کرائے پر حاصل کی گئی تھی، جبکہ کرایہ داری رسید کی مدد سے ملزم کی شناخت ادریس بھٹی کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گرفتاری کے دوران مزاحمت کی کوشش بھی کی، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا کہ قانون کی پاسداری کرنے والے شہری پر تشدد ناقابل قبول ہے۔ طاقت، دولت یا بڑی گاڑی کے زعم میں قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی کو محنت کش کی عزت نفس مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ قانون سے بالاتر سمجھنے والے عناصر کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔