دہشت گرد جہاں بھی موجود ہوں گے انہیں سخت جواب دیا جائے گا فیلڈ مارشل

عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے بگڑے ہوئے نظریات کو ضرور شکست دے گا،سپانسرڈ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مہم کو بھرپور طریقے سے جاری رکھیں گے:آرمی چیف سید عاصم منیر
 فیلڈ مارشل  کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ ‘ سکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی 
راولپنڈی (آن لائن‘آئی این پی) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے   عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے بگڑے ہوئے نظریات کو ضرور شکست دے گا۔ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز، پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی  گئی ۔ آئی ایس پی آر کیمطابق فیلڈ مارشل نے افسران اور دستوں کے اعلیٰ حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے انہیں خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے چوکس رہنے اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سپانسرڈ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مہم کو بھرپور طریقے سے جاری رکھیں گے اور وہ جہاں کہیں بھی ہوں گے انہیں بھرپور انداز میں نشانہ بنائیں گے، سیکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں سمیت پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے بگڑے ہوئے نظریات کو ضرور شکست دے گا، قبل ازیں پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔