بھارتی ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنر پر میگا کرپشن اسکینڈل، اثاثے 100 کروڑ روپے سے تجاوز کرنے کا انکشاف

بھارتی ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنر پر میگا کرپشن اسکینڈل، اثاثے 100 کروڑ روپے سے تجاوز کرنے کا انکشاف

بھارتی ریاست تلنگانہ میں اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنر موڈ کشن کے خلاف ذرائع آمدن سے کہیں زیادہ اثاثے رکھنے کے الزام میں متعدد مقدمات درج کر لیے ہیں، جسے بھارتی میڈیا ایک بڑے اور تاریخی کرپشن اسکینڈل کے طور پر پیش کر رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اے سی بی کی جانب سے ضبط کی گئی جائیدادوں کی سرکاری دستاویزی مالیت 12.72 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی ہے، تاہم تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ ان اثاثوں کی اصل مارکیٹ ویلیو اس سے کہیں زیادہ ہے۔ اے سی بی کے ایک سینئر افسر کے مطابق موڈ کشن کے مجموعی اثاثوں کی مارکیٹ قیمت 100 کروڑ روپے سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ موڈ کشن کے نام 31 ایکڑ زرعی زمین موجود ہے جس کی تخمینی مارکیٹ قیمت تقریباً 62 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے، جبکہ اس کے علاوہ ان کے پاس 10 ایکڑ کمرشل زمین بھی ہے۔ موڈ کشن کے اثاثوں میں ایک انٹرنیشنل ہوٹل میں 50 فیصد شراکت داری، 3 ہزار اسکوائر گز پر قائم ایک قیمتی فرنیچر شو روم، لگژری گاڑیاں، ایک کلوگرام سے زائد سونے کے زیورات اور بینک اکاؤنٹس میں 1.37 کروڑ روپے نقد رقم بھی شامل ہے، جنہیں اے سی بی نے ضبط کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اے سی بی نے موڈ کشن کے گھر سمیت ان کے قریبی رشتہ داروں اور ساتھیوں سے منسلک 11 مختلف مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے، جہاں سے قیمتی اور کمرشل اثاثوں کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ موڈ کشن جیسے عہدے کے افسر کی ماہانہ تنخواہ تقریباً ایک لاکھ سے ایک لاکھ 25 ہزار روپے کے درمیان ہے، جس کے مقابلے میں اتنی بڑی جائیدادیں ہونا شدید شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔اے سی بی کا مؤقف ہے کہ سرکاری ملازمت کے دوران ہوٹل اور شو روم جیسے بڑے کاروبار قائم کرنا قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ موڈ کشن کے خلاف انسداد بدعنوانی قوانین کے تحت ناجائز دولت جمع کرنے اور مجرمانہ بدعنوانی کے الزامات میں کئی مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیے جانے کا امکان ہے۔