سندھ پولیس کے زیرِ تربیت ڈی ایس پیز کے وفد کا سی ٹی او آفس لاہور کا دورہ

سی ٹی او نے افسران کو جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم، ای چالاننگ حوالے سے بریفنگ دی
لاہور(کرائم رپورٹر) سندھ پولیس کے زیرِ تربیت ڈی ایس پیز کے وفد نے سی ٹی او آفس لاہور کا دورہ کیا، جہاں چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے افسران کو جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم، ای چالاننگ، ڈیجیٹل چالاننگ، پیپرلیس لائسنسنگ سسٹم، ڈیجیٹل مانیٹرنگ و سرویلنس اور سروس انفراسٹرکچر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ شہر لاہور میں 83 لاکھ سے زائد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں موجود ہیں، جبکہ روزانہ 10 لاکھ سے زائد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں شہر میں داخل اور خارج ہوتی ہیں۔ گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس سروسز کی فراہمی، ٹریفک ایجوکیشن اور قوانین پر عمل درآمد لاہور ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔ حکومت پنجاب نے محفوظ پنجاب اور محفوظ سفر کے وڑن کے تحت لاہور ٹریفک پولیس کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو مؤثر اور بہتر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ خواتین کے محفوظ سفر اور احساسِ تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکوٹی ڈرائیونگ اسکولز اور کیو آر پینک بٹن سسٹم متعارف کروایا گیا ہے، جبکہ حادثات کی روک تھام کے لیے دن کے اوقات میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کی آمدورفت پر پابندی عائد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے باعث حادثات میں واضح کمی آئی ہے۔ ون وے کی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے سے حادثات میں 90 فیصد کمی ہوئی، جبکہ ہیلمٹ مہم کے نتیجے میں سر کی چوٹوں کے واقعات میں 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ ٹریفک مسائل کے حل کے لیے ٹرانسپورٹرز، سماجی شخصیات اور تاجر نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تجاوزات کے خاتمے کی خاطر وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی بڑی وجوہات میں تجاوزات، سڑکوں کا نامناسب انفراسٹرکچر اور گاڑیوں کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ شامل ہیں۔ ان مسائل پر قابو پانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مؤثر نگرانی اور مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔بریفنگ کے اختتام پر سی ٹی او لاہور نے وفد کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔ سندھ پولیس کے زیرِ تربیت افسران نے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس کے اقدامات کو سراہا۔