اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی سے متعلق امور پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیے گئے۔ایک بیان میں میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے اہم امور پر پارلیمنٹ میں کوئی بحث نہیں ہوئی، وفاقی حکومت آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 6 کو فراموش نہ کرے۔انہوں نے کہا ہے کہ کابینہ آئین کے تحت سینیٹ اور قومی اسمبلی کے سامنے اجتماعی طور پر جوابدہ ہے۔رضا ربانی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدہ بھی پارلیمنٹ کے سامنے نہیں لایا گیا۔سابق چیئرمین سینیٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس فوری طلب کیا جائے، جو ان کیمرا ہی کیوں نہ ہو، پارلیمان کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔