مصنوعی ذہانت کے تازہ ترین حل اب سپر انٹیلی جنس کی طرف بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں:پاکستانی سفیر
ڈیلس (آئی این پی) امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلقات رکھنا کسی انتخاب کا معاملہ نہیں بلکہ ایک ناگزیر ضرورت ہے۔رضوان سعید شیخ نے ڈیلس میں منعقدہ پاک یو ایس ٹیک کنیکٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 5 سب سے زیادہ آبادی والے ممالک میں شامل یہ دونوں ملک آئی ٹی سمیت ہر شعبے میں ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔تقریب قونصلیٹ جنرل آف پاکستان ہیوسٹن کے تعاون سے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور اوپن گلوبل کے اشتراک سے منعقد کی گئی جس میں پاکستان کی نامور آئی ٹی کمپنیوں ابیکس، آر بی سافٹ، ایڈو اے آئی، نیکسٹ برج اور ایمومبا سمیت متعدد اداروں نے امریکی کاروباری برادری کے سامنے اپنی خدمات اور مصنوعات پیش کیں۔ سفیر رضوان سعید شیخ نے خطاب کا آغاز شرکا اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے سی ای او فیصل جیدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ یہ ایونٹس کی اس سیریز کا تیسرا ایڈیشن ہے، جو 3 برس قبل سلیکون ویلی سے شروع کی گئی تھی اور تب سے مسلسل جاری ہے۔ ان کے مطابق اس سال تقریبات کا آغاز 16 اکتوبر کو سلیکون ویلی سے ہوا، اس سلسلے میں ڈیلس اور واشنگٹن ڈی سی سمیت مختلف امریکی شہروں میں پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں اور کاروباری حلقوں کے درمیان ملاقاتیں اور پروگرام ترتیب دیے گئے، اس سیریز کے آغاز کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ امریکا ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے موجودہ اور مستقبل کے آئی ٹی کھلاڑیوں کی پسندیدہ اور اولین منزل ہے۔ سفیرِ پاکستان نے کہا کہ ٹیکنالوجی سپرسونک رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے اور مصنوعی ذہانت کے تازہ ترین حل اب سپر انٹیلی جنس کی طرف بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں