ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 51 ہزار چالان اور بھاری جرمانے
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس پبلک سروس ڈیلیوری اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مصروف عمل ہے، جس کے تسلسل میں 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 694 افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 51 ہزار سے زائد چالان اور 4 کروڑ 40 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ دھواں چھوڑنے والی 402 گاڑیوں کے چالان اور 35 کو تھانوں میں بند کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ اوورلوڈنگ، اوورسپیڈنگ، کم عمر ڈرائیورز اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے۔ ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے ریکوری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 127 ڈرائیونگ ٹریننگ اسکولز میں شہریوں کو ٹریننگ بھی دی جا رہی ہے۔