ہیلمٹ نہ پہننے والے پولیس اہلکارموٹرسائیکل چھوڑ کر فرار

 پولیس اہلکاروں کو کینال روڈ پر روکا گیا،ٹریفک انسپکٹر نے شناختی کارڈ مانگا توشعیب، ساتھی رفو چکر ہو گئے 
لاہور (کرائم رپورٹر) ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار ٹریفک پولیس کے کریک ڈاؤن کا مذاق اڑانے لگے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر ہیلمٹ پولیس اہلکاروں کو کینال روڈ پر روکا گیا۔ ٹریفک انسپکٹر نے جب شناختی کارڈ مانگا تو پولیس اہلکار موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ دونوں اہلکار شادمان تھانے میں تعینات ہیں۔ ٹریفک وارڈن کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار شعیب اور اس کے ساتھی سے شناختی کارڈ مانگا تو ٹال مٹول کرنے لگے۔ پولیس اہلکاروں کی موٹرسائیکل کی پچھلی نمبر پلیٹ بھی ٹوٹی ہوئی تھی۔ ٹریفک وارڈن کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی افسران کی اجازت کے بعد کی جائے گی